انقرہ،7جون؍(آئی این ایس انڈیا)ترکی کے شہر استنبول کے وسطی علاقے میں پولیس کی ایک گاڑی کو بم دھماکے کا نشانہ بنایا گیا ہے جس کے نتیجے میں سات پولیس اہلکاروں سمیت 11افراد ہلاک جبکہ 36افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جن میں سے تین افراد کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ترکی کے سرکاری ٹی وی چینل ’’ٹی آر ٹی‘‘کے مطابق استنبول کے علاقے ’’بایزید‘‘سے گزرنے والی پولیس بس کو ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے سے نشانہ بنایا گیا تھا۔استنبول کے گورنر کے مطابق کار بم دھماکے میں سات پولیس اہلکاروں سمیت چار شہری ہلاک ہوچکے ہیں اور 36افراد زخمی ہیں جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ان افراد میں سے تین کی حالت انتہائی نازک ہے۔جائے حادثہ پر ایمبولنس اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں فوری طور پر روانہ کردی گئی تھیں۔ دھماکے کے بعد استنبول یونیورسٹی نے آج ہونے والے تمام امتحانات ملتوی کردئیے ہیں۔ترکی میں رواں سال کے دوران استنبول شہر میں ہی دو جان لیوا دھماکے ہوچکے ہیں جن کی ذمہ داری داعش پر عاید کی گئی ہے اور اس کے علاوہ انقرہ میں بھی کرد جنگجوؤں کی جانب سے حملے کئے گئے تھے جس کی ذمہ داری ’’کردستان فریڈم فالکنز‘‘نامی گروپ نے قبول کی تھی۔